متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی رکن قومی اسمبلی کشور زہرہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نیک نیت ہیں، انہیں معاونت اچھی نہیں مل سکی۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں کشور زہرہ نے کہا کہ تمام جماعتیں میوزیکل چیئر کھیل رہی ہیں، فیصلے جلسے جلوسوں میں نہیں مشاورت اور مفاہمت سے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے پارلیمنٹ میں کیے جائیں، ایم کیو ایم مڈل کلاس کی جماعت ہے، ہم عوام کی بہتری کا فیصلہ کریں گے۔
ایم کیو ایم کی ایم این اے نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم تو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بھی رہی لیکن کبھی وعدے وفا نہیں ہوئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کے ساڑھے 3 سال میں بھی کچھ نہیں ملا، حکومت کے ساتھ باقی وقت بھی صبر سے گزار لینا چاہیے۔
کشور زہرہ نے یہ بھی کہا کہ سندھ میں مسائل گھمبیر ہیں، چاہتے ہیں ہمیں فریق قبول کیا جائے، تحریری شرائط دیدیں، صوبےکی بہتری کے لیے شرائط عائد کیں۔
انہوں نے کہا کہ جو زیادہ سہولت دے گا، اسے قبول کیا جائے گا، ہمیں وزارت، صدارت اور گورنر شپ نہیں صرف کام چاہیے۔
ایم کیو ایم کی ایم این اے نے کہا کہ سندھ میں بلدیاتی نظام میں حصہ اور بااختیار سسٹم بنانا چاہتے ہیں۔
Comments are closed.