وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے بلوچستان ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ہے، آئینی درخواست سابق صدر سپریم کورٹ بار امان اللّٰہ کنرانی نے دائر کی ہے۔
سابق صدر سپریم کورٹ بار امان اللّٰہ کنرانی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بطور پاکستانی شہری وزیراعظم کے خلاف آئینی درخواست جمع کروادی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنے عہدے، آئین اور اخلاقیات کی خلاف ورزی کی ہے، آرٹیکل 9 میں قانون کے مد نظر ہر شہری کا تحفظ لازمی ہے۔
سابق صدر سپریم کورٹ بار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے صاف الفاظ میں زرداری صاحب کو مارنے کی دھمکی دی، وزیراعظم عمران خان پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
واضح رہے کہ کراچی کے دورے پر آئے وزیرِ اعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ کے لوگ ڈاکو زرداری سے آزادی چاہتے ہیں، آج پاکستان میں پیٹرول اور فضل الرحمان دبئی سے زیادہ سستا ہے۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ بڑی دیر سے آصف زرداری میری بندوق کی نشانے پر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے بیس بیس کروڑ روپے ہمارے ارکان کو خریدنے کے لیے رکھے ہوئے ہیں۔
Comments are closed.