پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کو اعترافِ شکست قرار دے دیا۔
وزیراعظم کے حافظ آباد جلسے سے خطاب پر شہباز شریف نے ردعمل دیا اور کہا کہ عمران خان صاحب آپ واقعی آلو اور ٹماٹر کی قیمت ٹھیک کرنے نہیں آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ آپ ملک اور عوام کا کباڑہ کرنے آئے تھے، آپ نے یہ کام پورا کرلیا ہے اب گھر جائیں۔
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ عمران صاحب آپ تو سقوط کشمیر اور سی پیک کے منصوبے روکنے کے لیے اقتدار میں آئے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ آپ کرپشن میں پاکستان کے 24 درجے بڑھانے آئے تھے، یہ تباہی آپ نے کردی ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آپ پاکستان کے دوستوں کو ناراض کرنے آئے تھے اور وہ ایجنڈا آپ نے پورا کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ پٹرول کی قیمت 96 روپے سے 160 کرنے اور پاکستان کی معاشی خودمختاری آئی ایم ایف کے حوالے کرنے آئے تھے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آپ اپنا بنی گالہ کا غیر قانونی محل، حرام دولت حلال کرنے کی اسکیمیں دینے اور اخلاقیات کا جنازہ نکالنے آئے تھے، وہ آپ کر چکے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ دنیا میں پاکستان کو تیسرا مہنگا ترین ملک آپ بناچکے ہیں، مہنگائی، بیر روزگاری، معاشی تباہی کی قیامت برپا کر چکے۔
Comments are closed.