بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

وزیراعظم عمران خان کا اعتماد کا ووٹ، اسپیکر نے صدر کو آگاہ کردیا

وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ حاصل کرنے کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی  نے صدر مملکت عارف علوی کو آگاہ کردیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر  نے صدر مملکت عارف علوی کے نام خط لکھ دیا۔

خط کے متن میں کہا گیا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا۔

صدر مملکت کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ وزیرِاعظم عمران خان کو قومی اسمبلی کی اکثریت کا اعتماد حاصل ہے۔

 خط میں کہا گیا کہ وزیرِ اعظم کو 178 ووٹ حاصل ہوئے، اعتماد کا ووٹ آئین کے آرٹیکل 91 کی شق 7 کےتحت حاصل کیا گیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے، جس کا اعلان اسپیکر اسد قیصر کی جانب سے کیا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ اگست 2018ء میں عمران خان 176 ووٹ لے کر وزیرِ اعظم بنے تھے جبکہ مارچ 2021ء میں 178 ارکان نے وزیرِ اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی اراکین کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان کے نعرے بلند کیے گئے۔

آج قومی اسمبلی کے اجلاس کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کی کارروائی شروع ہوئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی ہدایت پر وزیرِ اعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ کی قرار داد وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیش کی۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اراکین کو وزیرِ اعظم کو اعتماد کا ووٹ دینے کا طریقہ بتایا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.