وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کو عیدالفطر پر مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر پاکستان سمیت تمام عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے دعا کی کہ یہ مبارک گھڑی ہم سب کی زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور خوشیاں لے کر آئے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک سے ہماری زندگی میں صبر، قناعت اور دوسروں کے احساس کا جذبہ پیدا ہوا، عیدالفطر اس جذبہ کے عملی اظہار کا ایک موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے اردگرد ضرورت مندوں، محتاجوں، یتیموں اور ناداروں کے ساتھ صلہ رحمی کا مظاہرہ کریں، یہ مشکل دور ہے جس میں صاحب ثروت کے ایثار و محبت کی عام حالات سے زیادہ ضرورت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان سب کو عید کی خوشیوں میں شریک کریں جو مشکلات کے جبر کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کی مسلسل کوشش رہی ہے کہ معاشی مشکلات کا کم سے کم بوجھ عوام تک پہنچے، ہم ہر ممکن حد تک ریلیف عوام تک پہنچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ہمیں ان آزمائشوں سے نجات عطا فرمائے گا، آپ کی زندگیوں میں آسانیاں واپس لوٹیں گی، ان شاءاللّٰہ۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کو پاکستان کی بہتری کی تعمیری سوچ، یکسوئی اور مسلسل محنت سے کھوئی ہوئی منزل تک پہنچنا ہے، ہماری محنت و مشقت ملک و قوم کی زندگی میں معاشی بہتری کی عید لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر سیلاب متاثرین کو نہ بھولیں، انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔
وزیراعظم نے دہشتگردی کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہدائے وطن کو بھی سلام پیش کیا، انہوں نے کہا کہ شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں، اللّٰہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند اور اہلخانہ کو صبر دے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم اپنے فلسطینی اور کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، دعا کرتے ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ کشمیر اور فلسطین کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، ترکیہ اور شام کے مرحومین کی مغفرت، پسماندگان کے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔
Comments are closed.