بدھ 19؍شوال المکرم 1444ھ10؍مئی 2023ء

وزیراعظم شہباز شریف کا شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ شرپسندوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

قوم سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کے مقدمے میں قومی احتساب بیورو (نیب) تفتیش کر رہا ہے۔ عمران خان نیازی کی گرفتاری کرپشن کے ایک مقدمے میں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی نیب کی پیشیاں بھگت رہے ہیں، ہم نے کبھی قانون کا سامنا کرنے سے انکار نہیں کیا۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ بڑی تلخ رہی ہے، سیاست میں انتقامی کارروائیوں کا کبھی اچھا انجام نہیں نکلا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کے 4 برسوں میں کیس نہیں فیس دیکھا جاتا تھا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ عمران نیازی کے دور میں سیاسی مخالفین کے ساتھ ان کے گھر والوں کو بھی نہیں چھوڑا گیا۔ حکومتی وزیر کسی اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کا اعلان کرتے اور اگلے دن وہ گرفتار ہوجاتا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کی گئی نیب ترمیم کا پہلا بینیفشری بھی عمران خان نیازی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران نیازی اور پی ٹی آئی نے حساس سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچا کر ملک دشمنی کا ناقابل معافی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان کے خلاف چند سو مسلح جتھے کو اکسانے کی مذموم سازش کی گئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ پی ٹی آئی کے ملک دشمن رویے کو مسترد کر کے آئین و قانون کا ساتھ دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.