مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور سینئر سیاستدان رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ڈی چوک جلسے میں استعفے کا اعلان کریں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ حکومت کی خام خیالی ہے کہ وہ 10لاکھ کا جلسہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بری طرح ناکام ہوچکی ہے، 10 لاکھ تو چھوڑیں یہ 2014ء تا 2018ء کے دوران 1 لاکھ کا جلسہ نہیں کرسکے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ حکومت 10 لاکھ کی بھڑک مار رہی ہے، صرف چند سو لوگ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ وزیراعظم استعفیٰ دے دیں، مجھے لگتا ہے وزیراعظم جلسے میں استعفے کا اعلان کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے یہ بھی کہا کہ ہم کوئی غیر قانونی کام نہیں کر رہے، ایک قانونی چیز کو روکنے کے لئے انہوں نے کچھ کیا تو ردعمل دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے نااہل کو اقتدار سے باہر کرنے کی تحریک پیش کی ہے، حکومت کے ساتھ اب مذاکرات نہیں ہوں گے، عدم اعتماد واپس لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ ہمارے نمبرز اتحادیوں کے بغیر بھی پورے ہیں، ہم حکومتی اتحادیوں سے بھی مذاکرات کر رہے ہیں۔
Comments are closed.