وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اپنے پہلے ایک روزہ دورے پر کوئٹہ سے گوادر پہنچ گئے ہیں۔
وزیر اعظم کے خصوصی طیارے نے گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر دوپہر 1:40 بجے لینڈ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف آج صبح اسلام آباد سے کوئٹہ پہنچے تھے جہاں دورے کے بعد وہ گوادر کے لئے روانہ ہوئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اور دیگر سرکاری شخصیات نے وزیراعظم شہباز شریف کا ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف گوادر کی نئی تعمیر شدہ بندرگاہ کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کے ارکان کو گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم گوادر میں مختلف منصوبوں کا دورہ کریں گے جبکہ مختلف مقامی شخصیات بھی ان سے ملاقات کریں گی، گوادر کی ترقی میں سرگرم چینی اداروں کے عہدیدار بھی وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے دورے میں گوادر کی ترقی کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ گوادر کے حوالے سے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف گوادر کا ایک روزہ دورہ مکمل کرکے آج ہی واپس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد روانہ ہو جائیں گے۔
Comments are closed.