وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے منصب سے استعفیٰ دینے کی وجہ بتادی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر کےعہدے سے استعفیٰ دے دیا، پارٹی ممبران کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک استعفے کی وجہ ہے۔
قیوم نیازی نے کہا کہ مجھ پر چارج شیٹ میں الزام تک نہ ملا، چلتی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کیوں لائی گئی؟ مجھے معلوم ہوا کہ راتوں رات پیسہ تقسیم ہوا ہے۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ چارج شیٹ دی گئی کہ میں نے اپنی پارلیمانی پارٹی کا اعتماد کھو دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی کرپشن اور احتساب کے خلاف جنگ رہی ہے، انتخابات سے دو سال پہلے تحریک انصاف میں شامل ہوا تھا، انتخابات کے بعد مجھے جماعت کی قیادت نے ہی وزیر اعظم بنایا۔
عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر بنانے پر عمران خان کا شکر گزار ہوں، آزاد کشمیر میں کم عرصے میں بہت ترقیاتی منصوبوں پر کام کیے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے وزیروں کو فارغ کیا اور پھر اپنا راستہ لیا، جمہوری آدمی ہوں اور عمران خان کا ساتھی ہوں، میں نے اپنا جمہوری فیصلہ لیا اور با وقار طریقے سے استعفیٰ دے دیا۔
عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پہلے استعفیٰ پارٹی چیئرمین کو بھیجا اور پھر صدر کو بھجوایا۔
Comments are closed.