ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

وزارت سائنس نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرلی

وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مون سائٹنگ ایپ کے بعد ایک اور اقدام سامنے آگیا، وزارت نے فواد چوہدری کی قیادت میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرلی۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ میں فواد چوہدری نے بتایا کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار کرلی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس کے ایک حصے میں اتنخابی نشانات ہوں گے جبکہ دوسرا پریذائڈنگ افسر کے پاس ہوگا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پریذائڈنگ افسر ہی الیکٹرانک ووٹنگ مشین آن کرسکے گا، مشین کے ذریعے ووٹر کسی بھی نشان پر کلک کرکے ووٹ ڈال سکے گا۔

اُن کا کہنا تھا کہ انتخابی نشان پر کلک کرنے سے الیکٹرانک ووٹ کاسٹ ہوجائے گا، مشین کے ذریعے نہ صرف الیکٹرانک ووٹ کاسٹ کیا جاسکتا ہے بلکہ بیلٹ پیپر بھی پرنٹ ہوسکے گا۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس نے زبردست کام کیا ہے، مشین پر کام جاری ہے اور یہ آخری مراحل میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم ووٹنگ کو الیکٹرانک مشین پر لائیں، ڈسکہ اور باقی جگہوں میں جو کچھ ہوا اس سے نمٹنے کیلئے یہ بہت ضروری ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس کے ذریعے الیکشن پرامن ہوں گے اور دھاندلی سے چھٹکارا مل جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.