اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکریٹری وزارت تعلیم سے قرآن شریف سمیت دیگر اسلامی کتابیں پڑھانے سے متعلق رپورٹ اور اسکولوں میں پڑھانے والا نصاب طلب کر لیا۔
تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن وترجمہ لازمی قرار دینے کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی۔
جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آئین کے ایکٹ 2017 کے تحت پنجاب میں ناظرہ قرآن وترجمہ اور اسلامی تاریخ پڑھانا لازمی ہے، وفاقی حکومت نے ابھی تک پاس کردہ قوانین پر عملدرآمد نہیں کیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے کہا کہ ویسے تو تعلیمی اداروں میں شرعیہ، اسلامیات، قرآن ناظرہ سب کچھ پڑھا رہے ہیں۔
وزارت تعلیم کے نمائندے نے کہا کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن اور ترجمہ پڑھایا جارہا ہے۔
عدالت نے وزارت تعلیم سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹس طلب کر لیں۔
عدالت نے وزارت تعلیم کے نمائندے کو ہدایت دی کہ کس کلاس میں کیا پڑھایا جا رہا ہے، یہ آپ نے بتانا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 14 نومبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔
Comments are closed.