بدھ 10؍ ربیع الاوّل 1445ھ27؍ستمبر 2023ء

وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے حج آپریشن مکمل ڈیجیٹلائزڈ کرنے کا فیصلہ

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے تعاون سے آئندہ سال کا حج آپریشن مکمل طور پر ڈیجیٹلائزڈ کیا جائے گا تاکہ عازمین اور حجاج کرام کو تمام امور سے بروقت آگاہی ہو اور کسی بھی قسم کی شکایات کا اندراج اور اس کا فوری ازالہ کیا جاسکےگا۔

یہ فیصلہ وزیرِ اعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ہے۔

اس اجلاس کی صدرات نگراں وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے کی جبکہ شریک چیئرمین وزیر مذہبی امور انیق احمد بھی اجلاس میں شریک تھے۔

اجلاس کے دوران حکام نے حج آپریشن میں اب تک استعمال ہونے والے سسٹم کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

نگراں وزیرِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے اس موقع پر کہا کہ وزیرِ اعظم کی ہدایت کے مطابق عازمین حج کی سہولت و آگاہی کے لیے موبائل ایپلی کیشن، ویب پورٹل کی تیاری کی جائے گی تاکہ مناسکِ حج سے متعلق سہولتوں اور شکایات کے انداراج کو ڈیجیٹلائزڈ کیا جا سکے۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے ذریعے عازمین اور حجاج کرام حج آپریشن اور سہولتوں سے متعلق اپنا فیڈ بیک ڈیجیٹلی طور پر دے سکیں گے۔

ڈاکٹر عمر سیف نے ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل ہونے تک حج آپریشن کے موجودہ سسٹم کو فوری اپ گریڈ کرنے اور اس کی خامیاں دور کرنےکی ہدایت کی اور چیف ایگزیکٹیو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو ہدایت کی کہ ایکسپرٹ ٹیم وزارتِ حج میں تعینات کی جائے جو سسٹم کی نگرانی کر سکے۔

قبل ازیں کمیٹی کے شریک چیئرمین نگراں وزیرِ مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ حج آپریشن سے متعلق موجودہ سسٹم کو اپ گریڈ کرنےکی ضرورت ہے، چاہتے ہیں کہ وزارتِ آئی ٹی اس ضمن میں تکنیکی اور ماہرانہ معاونت فراہم کرے۔

علاوہ ازیں نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف سے چین کے سفیر جیاؤ ژیڈونگ نے ملاقات کی۔

اس موقع پر چین سے آئی ٹی میں اسٹریٹجک پارٹنرشپ، ٹیلی کام انفرااسٹرکچر میں تعاون، الیکٹرانک گاڑیوں کی تیاری کے لیے پاک چین اشتراک، چین کے تعاون سے لیتھیئم موبائل فون بیٹریز مایئکرو چپس و دیگر ٹیلی کام مصنوعات کی مقامی سطح پر تیاری سمیت دیگر امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ڈاکٹر عمر سیف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستانی اسٹارٹ اپس کو چینی مارکیٹ تک رسائی کے لیے دو طرفہ تعاون کا فروغ ناگزیر ہے، یورپ اور امریکا کی طرح چین پاکستانی آئی ٹی ایکسپورٹ کے لیے پرکشش مارکیٹ بن سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین نوجوانوں کے مابین ہم آہنگی اور ٹیکنالوجی پارٹنرشپ کو فروغ دینا ہو گا، کوشش ہے کہ پاکستانی درسگاہوں کے عالمی معیار کی چینی جامعات سے اشتراک کو بڑھایا جائے۔

نگراں وفاقی وزیرِ آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے یہ بھی کہا کہ ملک بھر میں آپٹیکل فائبر کیبل کا جال بچھانے کے لیے تمام مطلوبہ اقدامات کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.