بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر وریندر سہواگ نے بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ سے باہر ہونے پر ٹرول کرنا شروع کردیا، جس پر سوشل میڈیا صارفین ان کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آگئے اور تبصروں کاسلسلہ شروع کردیا۔
سابق بھارتی بلے باز وریندر سہواگ نے اپنے ٹوئٹر پر بھارتی سیاستدان راہول گاندھی کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس کے کیپشن میں لکھا کہ ’ختم بائے بائے ٹاٹا گڈ بائے۔‘
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے بھارتی ٹیم کے باہر ہوجانے پر اس کے مداح بھی کافی اداس نظر آرہے ہیں اور اپنی ناراضگی کا اظہار سوشل میڈیا پر کر رہے ہیں۔
ایسے ہی ایک مداح نے وریندر سہواگ کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ویرات کوہلی نے بہت بڑی غلطی کی ہے پاکستان سے شکست کے بعد کوہلی نے پاکستان کو اگلے 10 برسوں کے لیے ایک نئی زندگی دی ہے۔
واضح رہے کہ دنیا میں سب سے بڑی ٹی ٹوئنٹی لیگ کا دعویٰ کرنے والا بھارت چوتھی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کے عالمی میلے میں سیمی فائنل میں پہنچنے سے قبل ہی باہر ہوگیا۔
پہلا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی ٹیم اس کے بعد مسلسل تین مرتبہ پہلے راؤنڈ میں ہی باہر ہوگئی تھی، جبکہ 2014 میں رنر اپ رہی اور 2016 میں سیمی فائنل میں شکست سے دوچار ہوئی تھی۔
پانچ سال بعد ہونے والے ٹی ٹوئنٹی کے ورلڈکپ میں بھی بھارتی ٹیم کوئی اچھی پرفارمنس نہیں دے سکی اور سپر 12 کے راؤنڈ سے ہی باہر ہوگئی ہے۔
Comments are closed.