اتوار 13؍ربیع الثانی 1445ھ29؍اکتوبر 2023ء

ورلڈ کپ 26 واں میچ: پاکستان نے جنوبی افریقا کو 271 رنز کا ہدف دیدیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈ کپ 2023ء کے 26ویں میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 46 اعشاریہ 4 اوورز میں 270 پر آؤٹ ہوگئی۔

چنئی کے چدم برم اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

گرین شرٹس کی اوپننگ جوڑی عبداللّٰہ شفیق 9 اور امام الحق 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 38 رنز تھا۔

ابتداء ہی میں 2 وکٹ گرجانے کے بعد کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے 48 رنز کی شراکت قائم کی، 86 کے مجموعے پر محمد رضوان 27 گیندوں پر 31 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 129 کے اسکور پر گری، افتخار احمد 21 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ٹیم کی پانچویں وکٹ141 پر کپتان بابر اعظم کی گری جو 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چھٹی وکٹ پر شاداب خان اور سعود شکیل نے مجموعی اسکور میں 84 رنز کا اضافہ کیا، 225 کے اسکور پر شاداب خان 36 گیندوں پر  43 رنز بناکر میدان چھوڑ گئے۔

گرین شرٹس کے ساتویں آؤٹ ہونے والے بیٹر سعود شکیل تھے، جو 52 گیندوں پر 52 رنز کی باری کھیل کر پویلین لوٹے تو ٹیم کا مجموعی اسکور  240 رنز تھا۔

پاکستان کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے بیٹر شاہین آفریدی 2 رنز تھے، 259 کے اسکور پر تبریز شمسی کی چوتھی وکٹ بن گئے۔

قومی ٹیم کی نویں وکٹ 268 کے اسکور پر محمد نواز کی گری، جو 24 گیندوں پر 24 رنز بناکر پولین لوٹ گئے، محمد وسیم آؤٹ ہونے والے آخری بیٹر تھے جو صرف 7 بناکر میدان چھوڑ گئے۔

جنوبی افریقا کی طرف سے تبریز شمسی نے 4 جبکہ مارکو جانسن 3 جیرالڈ کوٹزی نے 2 اور نگی نگیڈی 1 وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ آج کے میچ کے لیے پلیئنگ الیون میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔

بابر اعظم نے بتایا تھا کہ حسن علی اور اسامہ میر ٹیم میں شامل نہیں، ان کی جگہ وسیم جونیئر اور محمد نواز کو شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ہمارے لیے یہ میچ ضروری ہے، ہم تمام شعبوں میں بہتری لائیں گے۔

اس موقع پر جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا تھا کہ ہم بھی ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔

دونوں ٹیمیں اب تک اِس ورلڈ کپ میں 5، 5 میچز کھیل چکی ہیں، جنوبی افریقا نے 4 میچ جیتے ہیں اور اسے 1 میچ میں شکست ہوئی ہے جبکہ پاکستان نے 2 میچ جیتے ہیں اور اسے 3 میں شکست ہوئی ہے۔

ورلڈ کپ کے پوائنٹس ٹیبل پر اِس وقت جنوبی افریقا دوسرے اور پاکستان چھٹے نمبر پر ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.