ورلڈ کپ کے ہیرو ایمباپے کا ’پی ایس جی‘ کے لیے فرنچ لیگ میں سب سے زیادہ 201 گول کرنے کا اعزاز

ایمباپے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

ریکارڈ گول کھیل کے 92 ویں منٹ میں ہوا

قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ کے ہیرو اور فرانسیسی کھلاڑی کیلیان ایمباپے نے پیرس سینٹ جرمن (پی ایس جی) فٹبال کلب کے لیے کھیلتے ہوئے ’نانٹیس‘ کے خلاف 4-2 کی دلچسپ جیت کے دوران کلب کا ریکارڈ 201 واں گول کیا۔

انھیں اس ریکارڈ گول کے لیے کھیل کے 92 ویں منٹ تک انتظار کرنا پڑا لیکن جب انھوں نے انتہائی ماہرانہ انداز میں بائیں پاؤں سے شاٹ لگا کر فٹبال کو گول کے اندر ڈال دیا تو وہ پی ایس جی کی جانب سے گول کرنے والوں کی سرفہرست میں یوراگوئے کے سٹرائیکر ایڈنسن کاوانی کو پیچھے چھوڑ گئے۔

دسمبر میں 24 سال کے ہونے والے فرانس کے فارورڈ نے خود کو فٹبالنگ سپر سٹار کے طور پر نام کمایا ہے۔

انھوں نے دو ورلڈ کپ فائنل کھیلے ہیں۔ سنہ 2018 میں انھوں نے ٹرافی جیتی اور سنہ 2022 میں قطر میں ہونے والے ورلڈ کپ میں ٹاپ سکورر کے طور پر گولڈن بوٹ حاصل کیا۔

ایمباپے نے اپنے ملک کے لیے سنہ 2021 نیشنز لیگ بھی جیتی تھی۔ انھوں نے دسمبر کے ورلڈ کپ فائنل میں ارجنٹائن کے خلاف ہیٹ ٹرک سکور کی اور کھیل کو اضافی ٹائم کے خاتمے پر تین، تین گول سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ پر ارجنٹائن کے حق میں ہوا۔

فٹبال

،تصویر کا ذریعہReuters

’ریکارڈ فیس‘

ایمباپے سنہ 2017 میں موناکو سے پی ایس جی میں شامل ہوئے اور ایک ٹین ایجر کے طور پر ریکارڈ فیس کے عوض ان کی خدمات حاصل کی گئی۔ اس کے بعد سے انھوں نے لیگ-1 کے چار ٹائٹل جیتے ہیں اور پچھلے چار سیزن میں سے ہر ایک کے لیے ڈویژن کے سکورنگ چارٹ میں سرفہرست رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

رواں سیزن میں فرانسیسی فارورڈ نے اب تک 30 گول سکور کیے ہیں اور آٹھ گول ہونے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ 247 میچز میں کلب کے لیے ان کے کل گول کی تعداد 85 ہو گئی ہے۔

پی ایس جی کی جانب سے لیونل میسی نے گول کرنے کی شروعات کی اور پھر جاوین ہیڈجامز نے اپنے ہی خلاف گول کر دیا۔

بہر حال پی ایس جی نے شروع میں ہی دو گول کی سبقت حاصل کر لی تھی لیکن لوڈووک بلاس اور اگنیٹیئس گناگو کے لگاتار گولز کی بدولت نینٹیس نے ہاف ٹائم سے قبل ہی برابری کر لی۔

پی ایس جی گول کیپر جیان لوئیگی ڈوناروما نے دو بار غلطی کی جس کے نتیجے میں یہ گول ہوئے۔

اس کے بعد 60 ویں منٹ میں ایمباپے نے ڈینیلو پیریرا کو پاس بڑھایا جسے انھوں نے سر سے گول میں بدل دیا اور پھر انجری ٹائم میں وہ لمحہ آیا جس کی بدولت اپنے کلب کے لیے ایمباپے کے سر سب سے زیادہ گول کرنے کا سہرا سجا۔

BBCUrdu.com بشکریہ