ہفتہ 27؍ربیع الاول 1445ھ14؍اکتوبر 2023ء

ورلڈ کپ: پاکستان کی بھارت کیخلاف بیٹنگ جاری

کرکٹ ورلڈ کپ کے سب سے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کی جانب سے امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے اننگ کا آغاز کیا اور 41 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جس کے بعد آٹھویں اوور میں عبداللّٰہ شفیق 20 رنز بنا کر محمد سراج کے اوور میں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 12.3 اوورز میں 73 رنز پر گری جب ہاردک پانڈیا نے امام الحق کو 36 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

اس سے قبل ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ بہت بڑا کراؤڈ ہے، اسٹیڈیم میں اتنے بڑے کراؤڈ کے سامنے کھیل رہے ہیں۔

روہت شرما نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کی وجہ کوئی خاص نہیں ہے، ایشان کشن کی جگہ شُبمن گِل کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔

اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بولنگ کرتے، اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرا ہوا ہے، ہم انجوائے کریں گے۔

بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم، امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، حسن علی، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

آج کے میچ کے لیے بھارت کی ٹیم میں روہت شرما، شُبمن گِل، ویرات کوہلی، کے ایل راہول، شریاس آئیر، ہاردک پانڈیا، رویندرا جڈیجا، جسپریت بمراہ، شردُل ٹھاکر، کلدیپ یادیو اور محمد سراج شامل ہیں۔

احمد آباد میں آج بارش کا کوئی امکان نہیں، میچ کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق احمد آباد میں صبح سویرے سے تیز دھوپ نکل آئی تھی جبکہ شام میں اوس سے کھیل پر فرق پڑ سکتا ہے۔

آج صبح ہوتے ہی شائقین کی بڑی تعداد اسٹیڈیم آنا بھی شروع ہوگئی تھی۔

پاکستان اور بھارت نے اس ورلڈ کپ میں اب تک اپنے دو دو میچز کھیل لیے ہیں اور دونوں ٹیموں کو اب تک کسی میچ میں شکست نہیں ہوئی ہے۔

دوسری جانب ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچ سے قبل نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر نگراں وزیراعظم نے پیغام لکھا کہ دعا ہے عزم، مہارت اور فائٹنگ کے لیے مشہور پاکستان ٹیم اسی جذبے سے کھیلے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اسپنر کلدیپ یادیو نے بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کردی

انوار الحق کاکڑ نے پاکستانی ٹیم کو پیغام دیا کہ پوری قوم آپ کی کامیابی کے لیے دعا گو ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ورلڈ کپ جیت کر پاکستان لائیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج کھیلا جائے گا۔

یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے شروع ہو گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.