رواں سال بھارت میں ہونے والے ورلڈ کپ میں کوالیفائی کرنے والی نیدرلینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ ریان کک کا جذباتی بیان سامنے آ گیا ہے۔
نیدرلینڈز کے کوچ نے ون ڈے میچز کی سیریز اور اسپانسرز کے لیے درخواست اور ورلڈ کپ سے قبل برصغیر میں میچز کے لیے اپیل کی ہے۔
نیدرلینڈز اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کیا ہے، ایونٹ سے قبل نیدرلینڈز کی کوئی ون ڈے سیریز شیڈول نہیں ہے۔
اس حوالے سے ریان کک نے کہا ہے کہ یہ ہماری سب کے لیے پکار ہے کہ کوئی ہمارے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے، ہمارے لیے برصغیر میں میچز اچھے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے برصغیر میں زیادہ نہیں کھیلا ہے اس لیے یہاں پر میچز کھیلنے سے ان کو فائدہ ہو گا۔
ریان کک کا کہنا ہے کہ مجھے امید ہے کہ ٹیم کے لیے ایک دو اسپانسرز بھی مل جائیں گے، دوسرے ممالک کے مقابلے میں نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں کے معاوضے کم ہیں۔
نیدرلینڈز کے کوچ نے کہا کہ کوچنگ اسٹاف میں ہمارا صرف ایک رکن فل ٹائم ہے، ہم اسپانسرز کو دعوت دیتے ہیں وہ ہمیں اسپانسر کریں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسپانسر ورلڈ کپ کی شرٹ کے سامنے اور سائیڈ پر جگہ حاصل کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں نیدرلینڈز کی ٹیم پہلا میچ پاکستان کے خلاف حیدر آباد دکن میں کھیلے گی۔
Comments are closed.