
ورلڈکپ میں سری لنکا کی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر فلاپ ہوگئی۔ ایونٹ کے 41 ویں میچ میں لنکن بیٹرز کیوی بولرز کے سامنے بھی بھیگی بلی بنے رہے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف دیا۔
بینگلور کے چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
سری لنکن بیٹرز نے تیز رن ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم کیوی بولرز نے اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ساتھ ساتھ وکٹیں لینے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا۔
نیوزی لینڈ نے ابتدائی 9 اوورز کے دوران 70 رنز دے کر 5 سری لنکن بیٹرز کو واپس پویلین بھیج دیا۔ یہاں پر کوشل پریرا 51 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔
سری لنکا کی آدھی ٹیم کے آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوس اور دھننجایا ڈی سِلوا نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 16.4 اوورز میں سری لنکا کی چھٹی وکٹ 104 رنز پر گر گئی جب انجیلو میتھیوس 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
سری لنکا کی ساتویں وکٹ 18.3 اوورز میں 105 رنز پر گری جب دھننجایا ڈی سِلوا 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی آٹھویں وکٹ 23.3 اوورز میں 113 رنز پر گری جب کرونا رتنے 6 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کو 9 واں نقصان 128 رنز پر اٹھانا پڑا جب دشمانتھا پریرا 32 ویں اوور میں ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دسویں وکٹ پر مہیش ٹھیکشنا اور دلشن مدھوشنکا نے 43 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو 171 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔
مدھوشنکا 47 ویں اوور میں رچن رویندرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے اور سری لنکن اننگز تمام ہوگئی۔
مہیش ٹھیکشنا نے کیوی بولنگ اٹیک کا سامنا کیا اور 91 گیندیں کھیل کر 38 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3 وکٹیں لیں۔ لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور رچن رویندرا نے دو دو جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا تھا کہ اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔
کین ولیمسن نے بتایا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، لوکی فرگوسن کو اِش سوڈھی کی جگہ ٹیم میں شامل کیا ہے۔
اس موقع پر سری لنکن کپتان کوشال مینڈس نے کہا تھا کہ ہم ٹاس جیتتے تو بولنگ ہی کرتے، یہ ایک اہم میچ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ ہم اس میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے۔
دونوں ٹیمیں اس ورلڈکپ میں 8، 8 میچز کھیل چکی ہیں اور یہ دونوں ٹیموں کا پہلے مرحلے کا آخری میچ ہے۔
نیوزی لینڈ نے ورلڈکپ میں اپنے 4 اور سری لنکا نے 2 میچز جیتے ہیں، میچ میں کیوی ٹیم کو فتح سیمی فائنل کے قریب کر دے گی، جبکہ لنکن شیر جیت کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی میں اپنی جگہ پکی کرلیں گے۔
Comments are closed.