ورلڈ کپ کے 40ویں میچ میں انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو 160 رنز سے ہرادیا۔ اس فتح کے ساتھ انگلینڈ نے چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی کوالیفکیشن کیلئے راہ ہموار کرلی۔
پونے میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کی ٹیم 38ویں اوور میں 179 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
نیدرلینڈز کی جانب سے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں تیجا ندامنورو نے 41 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے 38، اوپنر ویسلے بریسی نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔
انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور عادل رشید نے تین تین وکٹیں لیں۔ ڈیوڈ ولے نے دو جبکہ کرس ووکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر نیدرلینڈز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
انگلینڈ کے جونی بیئرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا، تاہم ساتویں اوور میں 48 کے مجموعے پر 17 رنز بنانے والے بیئرسٹو آؤٹ ہوگئے۔
دوسری وکٹ پر ڈیوڈ ملان اور جو روٹ نے ٹیم کا ٹوٹل 133 رنز تک پہنچایا جہاں روٹ 28 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
یہاں بین اسٹوکس وکٹ پر آئے لیکن 139 کے مجموعے پر 87 رنز بناکر ڈیوڈ ملان آؤٹ ہوگئے۔
بین اسٹوکس اسکور کو آگے بڑھاتے رہے لیکن دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
ہیری بروک 11، جوز بٹلر 5، معین علی 4 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ تاہم ساتویں وکٹ پر کرس ووکس اور بین اسٹوکس کے درمیان 113 رنز کی شراکت نے اننگز کا نقشہ بدل دیا۔ ووکس 51 رنز بناکر 321 کے مجموعے پر میدان بدر ہوگئے۔
بین اسٹوکس نے 84 گیندوں پر 108 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل تھے۔
انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈے نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ آریان دت اور لوگان وین بیک نے دو، دو اور پال وین میکیرن نے ایک وکٹ لی۔
انگلینڈ کے بین اسٹوکس کو شاندار سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
واضح رہے کہ اس فتح کے ساتھ انگلینڈ کی چیمپئنز ٹرافی 2025 کیلئے کوالیفائی کرنے کی امیدیں بڑھ گئیں۔
Comments are closed.