انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ورلڈکپ کے 30ویں میچ میں سری لنکا نے افغانستان کو جیت کےلیے 242 رنز کا ہدف دے دیا۔
پونے میں کھیلے جارہے ایونٹ کے اس اہم میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
سری لنکا کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپننگ بیٹرز پتھم نسانکا اور دیموتھ کرونارتنے نے کیا لیکن یہ اوپننگ جوڑی افغانستان کے بولرز کے سامنے اپنی ٹیم کو زیادہ اچھا آغاز فراہم نہ کر سکی۔
سری لنکا کی پہلی وکٹ 22 رنز پر دیموتھ کرونارتنے کی صورت میں گری، وہ 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ دوسری وکٹ 82 رنز پر گری جب پتھم نسانکا 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
افغانستان کے خلاف سری لنکا کی تیسری وکٹ 134 رنز پر گری، سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈیس 39 رنز پر مجیب الرحمٰن کے شکار ہوئے۔
سری لنکا کا اسکور 139 پر پہنچا تو مجیب نے ہی سدیرا سماراوکرما کو 36 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
راشد خان نے سری لنکا کو اس وقت پانچ وکٹوں سے محروم کردیا جب انہوں نے دھننجیا ڈی سلوا کو 167 کے مجموعے پر کلین بولڈ کردیا۔ ڈی سلوا نے 14 رنز کی اننگز کھیلی۔
سری لنکا کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم ٹیم کے آل آؤٹ ہونے تک ایجیلو میتھیوس نے 25 اور مہیش تھیکشنا نے 29 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو 240 کے ٹوٹل تک پہنچایا۔
افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مجیب الرحمان نے 2 جبکہ عظمت اللّٰہ عمرزئی اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ لی۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے افغانستان کے کپتان حشمت اللّٰہ نے کہا تھا کہ پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ نمی کی وجہ سے کیا ہے، ہم یہاں اچھا کھیلنے آئے ہیں۔
سری لنکا کے کپتان کوشال مینڈس کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے، پچھلے 2 میچز میں ہم اچھا کھیلے ہیں۔
Comments are closed.