پیر14؍ربیع الثانی 1445ھ30؍اکتوبر 2023ء

ورلڈکپ: سری لنکا نے انگلینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

ورلڈکپ کے 25ویں میچ میں سری لنکا نے انگلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی، اسکے ساتھ ہی سری لنکن ٹیم بھی سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 157 رنز کا ہدف لنکن بیٹرز نے 26ویں اوور میں حاصل کرکے ٹیم کے رن ریٹ میں بھی قابلِ ذکر اضافہ کردیا۔ 

بنگلور میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ 

انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جونی بیرسٹو اور ڈیوڈ ملان نے کیا تاہم یہ پارٹنر شپ 6.3 اوورز تک قائم رہی۔

 انگلینڈ کی پہلی وکٹ 45 رنز پر گری جس کے بعد وقفے وقفے سے مزید 6 وکٹیں 25.5 اوورز میں 123 رنز پر گر گئیں۔

وکٹ کی ایک جانب بین اسٹوکس نے ٹیم کو سنبھالا لیکن دوسری جانب سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری انگلش ٹیم 34ویں اوور میں 156 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ 

انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے جبکہ جونی بیئرسٹو نے 30 اور ڈیوڈ ملان نے 28 رنز کی اننگز کھیلیں۔ علاوہ ازیں معین علی نے 15 اور ڈیوڈ ویلی نے 14 رنز بنائے۔ 

سری لنکا کی جانب سے لہیرو کمارا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اینجیلو میتھیوس اور کاسن رجیتھا نے دو دو جبکہ مہیش ٹھیکشنا نے ایک وکٹ لی۔ 

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز بھی اچھا نہ تھا۔ اسکی پہلی وکٹ 9 کے مجموعے پر گری جب کوشل پریرا 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور دوسری وکٹ 23 کے اسکور پر گری جب کپتان کوشل مینڈس 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ دونوں کو ڈیوڈ ویلی نے آؤٹ کیا۔

اسکے بعد پاتھم نسانکا اور سدیرا سماراوکراما نے تیسری وکٹ پر ناقابلِ شکست 137 رنز بنا کو انگلینڈ کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دی۔ پاتھم نسانکا 77 اور سدیرا سمارا وکراما 65 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔  

سری لنکا کے لہیرو کمارا کو عمدہ بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

اس جیت کے ساتھ ہی سری لنکن ٹیم  بہتر رن اوسط کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر آگئی جبکہ پاکستان ٹیم چھٹے نمبر پر چلی گئی۔

ٹاس

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا تھا کہ وکٹ اچھی ہے، پچ میں نمی ہے، یہ بیٹنگ کے لیے سازگار رہے گی۔

جوز بٹلر نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں۔

اس موقع پر سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے کہا تھا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی پہلے بیٹنگ کو ترجیح دیتے۔

دونوں ٹیمیں اس ورلڈ کپ میں اب تک چار چار میچز کھیل چکی ہیں اور دونوں نے ایک ایک میچ ہی جیتا ہے۔

پوائنٹس ٹیبل پر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر سری لنکا ساتویں اور انگلینڈ آٹھویں نمبر پر ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.