ورلڈکپ کے 32ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے ڈی کوک اور ڈوسن کی سنچریوں کی بدولت نیوزی لینڈ کو جیت کےلیے 358 رنز کا ہدف دے دیا۔
پونے میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک اور کپتان ٹیمبا باووما نے اننگ کا آغاز کیا جس کے بعد 9ویں اوور میں 38 رنز پر جنوبی افریقہ کی پہلی وکٹ گر گئی جب کپتان ٹیمبا باووما کو 24 رنز پر ٹرینٹ بولٹ نے کیچ آؤٹ کروایا۔
اسکے بعد کوئنٹن ڈی کوک اور راسی ونڈر ڈوسن نے 200 رنز کی شاندار پارٹنرشپ بنا کر بڑے اسکور کی بنیاد رکھی۔
کوئنٹن ڈی کوک 114 رنز بنا کر ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جس کے بعد تیسری وکٹ پر ڈوسن اور ڈیوڈ ملر نے 43 گیندوں پر 78 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر اسکور کی اسپیڈ بڑھادی۔
راسی ونڈر ڈوسن 133 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہیں ٹم ساؤتھی نے بولڈ کیا۔ تاہم سامنے موجود ڈیوڈ ملر نے 30 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیل کر اختتامی لمحات میں اسکور کارڈ کا نقشہ بدلتے ہوئے اپنی ٹیم کو ساڑھے تین سو کا ہندسہ عبور کروادیا۔
جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 357 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے 2 جبکہ جمی نیشم اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے کہا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، وکٹ پر اوس نظر آرہی ہے۔
اس موقع پر جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے کہا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی ہے، تبریز شمسی کی جگہ کگیسو ربادا کو شامل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت زیادہ پُراعتماد ہیں، مومینٹم بنا ہوا ہے آج بھی اچھی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
دونوں ٹیمیں اب تک اِس ورلڈ کپ میں چھ چھ میچز کھیل چکی ہیں، جنوبی افریقا نے اپنے 5 اور نیوزی لینڈ نے 4 میچز جیتے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا دوسرے اور نیوزی لینڈ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
Comments are closed.