اتوار 20؍ربیع الثانی 1445ھ 5نومبر2023ء

ورلڈکپ: بھارت کا جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 327 رنز کا ہدف

ورلڈ کپ کے 37ویں میچ میں بھارت نے جنوبی افریقہ کو جیت کےلیے 327 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے اس میچ میں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

گزشتہ میچز کی طرح آج بھی بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور انہوں نے 24 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔

بھارت کی پہلی وکٹ 62 جبکہ دوسری وکٹ 10.3 اوورز میں 93 رنز پر گری۔

روہت شرما اور شُبمن گِل کے آؤٹ ہونے کے بعد ویرات کوہلی اور شریاس ایئر نے شاندار پارٹنرشپ بنا کر بڑے ٹوٹل کی بنیاد رکھی۔ 

ویرات کوہلی نے 121 گیندوں پر 101 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر کیریئر کی 49ویں سنچری مکمل کی جبکہ شریاس ایّر 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

بھارت کی جانب سے دیگر کھلاڑیوں میں روہت شرما نے 40، شبمن گل نے 23، سوریا کمار یادیو نے 22 جبکہ رویندرا جڈیجہ نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہوم ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی اینگیڈی، مارکو یانسن، کگیسو رباڈا، تبریز شمسی اور کیشو مہاراج نے ایک ایک وکٹ لی۔  

واضح رہے کہ ورلڈکپ میں اب تک دونوں ٹیمیں سات سات میچز کھیل چکی ہیں، بھارت ناقابل شکست ہے جبکہ جنوبی افریقہ نے اپنے 6 میچز جیتے ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر بھارت پہلے اور جنوبی افریقہ دوسرے نمبر پر ہے اور دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.