ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کےلیے 205 رنز کا ہدف دے دیا۔
کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جارہے اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی جانب سے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا آغاز کیا اور اپنے ابتدائی دو اوورز میں 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلا دیش کی پہلی وکٹ میچ کی پانچویں گیند پر جبکہ دوسری وکٹ 2.4 اوورز میں 6 رنز پر گری۔
بنگلادیشی بیٹر تنزید حسن کو شاہین آفریدی نے صفر پر ایل بی ڈبلیو جبکہ نجم الحسین کو 4 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔
شاہین آفریدی کے بعد حارث رؤف نے بھی اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی، بنگلا دیش کی تیسری وکٹ چھٹے اوور میں 23 رنز پر گری جب مشفق الرحیم 5 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بعدازاں لٹن داس اور محمود اللّٰہ نے پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 102 رنز تک پہنچایا جس کے بعد 20.5 اوورز میں لٹن داس 45 رنز بنا کر افتخار احمد کے اوور میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بنگلا دیش کی پانچویں وکٹ 30.4 اوورز میں 130 رنز پر گری جب شاہین آفریدی نے محمود اللّٰہ کو 56 رنز پر بولڈ کیا۔
بعدازاں اگلے اوور میں بنگلا دیش کی چھٹی وکٹ 140 رنز پر گر گئی جب توحید ہریدوائے 7 رنز بنا کر اسامہ میر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 185 رنز پر گری جب خطرناک دکھائی دے رہے شکیب الحسن حارث رؤف کی گیند پر 40ویں اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیشی کپتان نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلادیش کی آٹھویں وکٹ 200 رنز پر گری جب مہدی حسن میراز 25 رنز بنا کر پویلین لوٹے، انہیں محمد وسیم نے بولڈ کیا۔ اسی اوور میں وسیم نے پہلے تسکین احمد اور پھر اگلے اوور میں مستفیض الرحمان نے کو بولڈ کرکے بنگلادیش کی اننگز 204 رنز پر تمام کردی۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے 23 رنز دے کر 3 جبکہ محمد وسیم نے 31 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف نے دو جبکہ افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک، ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بنگلا دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے، پچھلے میچ میں ہم نے تینوں شعبوں میں اچھا کیا۔
بابر اعظم نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی ہیں، فخر زمان، سلمان آغا اور اسامہ میر فائنل الیون میں شامل ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جارہا ہے۔
دونوں ٹیمیں اب تک اِس ورلڈ کپ میں چھ چھ میچز کھیل چکی ہیں، پاکستان نے اپنے 2 اور بنگلا دیش نے 1 میچ جیتا ہے۔
یاد رہے کہ اِس ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں نیدر لینڈز کو اور دوسرے میچ میں سری لنکا کو ہرایا تھا جس کے بعد پاکستان کو بھارت، آسٹریلیا، افغانستان اور جنوبی افریقا سے شکست ہوئی ہے۔
آج کے میچ کے بعد پاکستان کو اب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچز کھیلنے ہیں۔
Comments are closed.