سلیکان ویلی: چاہے اسمارٹ فون کا کیمرہ 64 میگا پکسل ہو یا 108 میگا پکسل، واٹس ایپ صارفین ہمیشہ یہی شکوہ کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ وہ کسی دوسرے کو اپنی ہائی ریزولیشن تصاویر نہیں بھیج سکتے۔
’’ڈبلیو اے بی ٹا انفو‘‘ ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ اپنے صارفین کی بڑی پریشانی کو حل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔ مستقبل قریب میں صارفین ایک دوسرے کو ہائی ریزولیشن کوالٹی میں تصاویر بھیجنے کے اہل ہو جائیں گے۔
ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ واٹس ایپ کے نئے ورژن میں جب کوئی صارف کسی دوسرے کو تصویر بھیجے گا تو اسے تین آپشنز دیے جائیں گے جو درج ذیل ہیں:
- پہلا آپشن آٹو (Auto) ہے جس کا انتخاب کرنے پر تصویر درمیانی ریزولیشن میں بھیجی جا سکے گی۔ یہ آپشن واٹس ایپ کی جانب سے تجویز کردہ ہوگا۔
- دوسرا آپشن بیسٹ کوالٹی (Best Quality) کا ہوگا جس میں صارف تصویر کو اس کی حقیقی ریزولیشن میں بھیج سکے گا۔
- تیسرے اور آخری آپشن ڈیٹا سیور (Data Saver) میں واٹس ایپ تصویر کی ریزولیشن کو خودبخود کم کرے گا۔
واٹس ایپ کا ہائی ریزولیشن تصویر والا فیچر اس وقت بی ٹا ورژن استعمال کرنے والوں کے لیے دستیاب ہے تاہم اس پر مزید کام کیا جا رہا ہے اور جلد ہی تمام استعمال کنندگان اس سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔
Comments are closed.