کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ شدید گرمی میں عوام پانی کی تلاش میں مارے مارے پھررہے ہیں،وفاقی وصوبائی حکومت کوئی بھی مسئلہ حل کرنے کو تیار نہیں،واٹر بورڈ کی بے حسی و نااہلی کے خلاف20مئی کو واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس پر تاریخی دھرنا دیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران جواب دیں کہ کے فور منصوبہ 650ملین گیلن سے 260ملین گیلن کیسے ہوا؟،2005میں سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے 100ملین گیلن کا K3منصوبہ مکمل کیا،آج 17سال ہوگئے لیکن کسی بھی حکومت نے کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے حکمران جماعتیں صرف ذاتی مفاد ات کی باتیں کرتی ہیں کسی کو بھی کراچی سے کوئی دلچسپی نہیں،وفاقی و صوبائی حکومتوں سے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے اتوار 29مئی کو مزار قائد سے”حقوق کراچی کارواں“ نکالا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے میئر کو بااختیار بنانے کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر 29دن کا تاریخی دھرنا دیا گیااور اپنے مطالبات منظور کروائے تھے،ایک مرتبہ پھر سے ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی ایک ہوگئے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اگر پیپلزپارٹی نے معاہدے عمل درآمد میں ٹال مٹول کی کوشش کی تو ہم پھر سے وزیر اعلیٰ ہاؤس کا گھیراؤ کریں گے اور مطالبات کے ایک ایک شق کو منظور کروائیں گے۔
Comments are closed.