منگل 28؍ربیع الاول 1444ھ25؍اکتوبر 2022ء

والدین پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دیں، آصفہ بھٹو زرداری

رہنما پیپلز پارٹی آصفہ بھٹو زرداری نے انسداد پولیو کے عالمی دن پر تمام والدین سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دینےکی اپیل کی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں پولیو کے حالیہ کیسز ہماری آنے والی نسلوں کے لیے خطرہ ہیں، ہم اپنے بچوں کے مقروض ہیں، ویکسین سے ہم بچوں کو پولیو سے بچا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پولیو فری بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہوں گی، صرف رواں سال 20 نئے پولیو کیسز سامنے آنے پر حکومت مزید چوکس ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر ماہ پولیو مہم کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ہمارے بچے پولیو سے محفوظ رہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان مہمات کے سبب سندھ میں جولائی 2020 سے پولیو کا ایک بھی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ اگر ہم اسی رفتار سے بڑھتے رہے تو ہمیں نمایاں نتائج دیکھنے کو ملیں گے، ہمیں موجودہ صورتحال میں مطمئن نہیں ہونا بلکہ محنت جاری رکھنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹی عمر میں لگنے والی بیماریوں سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکوں پر توجہ دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان بھی دنیا کے پولیو سے متاثرہ دو ممالک میں سے ایک ہے۔

آصفہ بھٹو نے کہا کہ براہ کرم ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں، جب وہ آپ کے گھر کی دہلیز پر آئیں، یاد رکھیں پولیو کا کوئی علاج نہیں لیکن ویکسینیشن سے اسے روکا جاسکتا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.