پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کے صاحبزادے مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ میری والدہ سے والد کا میڈیکل ریکارڈ منگوانے والے ڈاکٹر کو عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں مونس الہٰی نے کہا کہ میرے والد کی طبیعت خراب ہوئی تو جیل انتظامیہ اُن کو پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں لائی، جس کے بعد پروفیسر بلال محی الدین نے میری والدہ کو فون کیا۔
مونس الہٰی نے کہا کہ پروفیسر بلال محی الدین نے میری والدہ سے کہا کہ میڈیکل ریکارڈ لے آئیں تاکہ ہم انہیں دیکھ کر علاج کر سکیں۔
پرویز الہٰی کے صاحبزادے نے مزید کہا کہ ڈاکٹر صاحب کی وابستگی شاید کسی بھی سیاسی جماعت سے نہ ہو، انہوں نے بطور ڈاکٹر میری والدہ سے ریکارڈ منگوایا، آج پتہ چلا ہے کہ پروفیسر بلال محی الدین کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
مونس الہٰی نے مزید کہا کہ ایک مریض کے خاندان سے میڈیکل ریکارڈ منگوانے کی اتنی بڑی سزا کا کوئی جواز نہیں بنتا۔
Comments are closed.