فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واجبات کی عدم ادائیگی پر قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کے تمام اکاؤنٹس منجمد کردیے۔
ایف بی آر نے کارروائی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ڈھائی ارب روپے ادا نہ کرنے پر کی ہے۔ اکاؤنٹس منجمد ہونے سے پی آئی اے کے آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللّٰہ خان نے ایئرلائن کے اکاؤنٹس منجمد ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
ایئر لائن ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے کارروائی فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں پی آئی اے کی جانب سے ڈھائی ارب روپے کے واجبات ادا نہ کرنے پر کی ہے، پی آئی اے نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 18-2017 کے واجبات ابھی تک ادا نہیں کئے ہیں۔
ایئرلائن ذرائع کے مطابق اکاؤنٹس منجمد ہونے سے طیاروں کے لئے ایندھن کی خریداری سمیت پی آئی اے کے دیگر آپریشن متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ادھر پی آئی اے ترجمان کا موقف ہے کہ وفاقی کابینہ کے ایک فیصلے کے تحت پی آئی اے پر عائد واجبات منجمد ہیں۔
وفاقی کابینہ نے پی آئی اے پر عائد پی ایس او، سی اے اے اور ایف بی آر کے پرانے واجبات منجمد کردیے ہیں۔ یہ واجبات پی آئی اے کے بزنس پلان کی منظوری اور بلینس شیٹ کی ری اسٹکچرنگ تک منجمد کیے گئے ہیں۔
ترجمان نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ایف بی آر جلد پی آئی اے کے اکاؤنٹس بحال کردے گی اور آپریشن متاثر نہیں ہوگا۔
کچھ عرصے پہلے بھی ایف بی آر نے پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کر دیے تھے لیکن وفاقی حکومت کی مداخلت پر پی آئی اے کے سی ای او ایئرمارشل ارشد ملک اور وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کے درمیان ملاقات کے بعد پی آئی اے کے اکاؤنٹس بحال کر دیے گئے تھے۔
Comments are closed.