پیر28؍ذوالحجہ 1444ھ17؍جولائی 2023ء

وائرل ویڈیو میں ہوائی جہاز میں چندہ مانگتا ہوا یہ شخص کون ہے؟

سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک پاکستانی شخص کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں مذکورہ شخص کو مدرسے کی تعمیر کے لئے چندہ مانگتے ہوئےدیکھا جاسکتا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اس ویڈیو میں ایک شخص اپنے ہوائی جہاز کے سفر کے دوران ساتھی مسافروں سے درخواست کرتا ہے کہ اسے مدرسے کی تعمیر کے لئے رقم کی ضرورت ہے اسے کچھ رقم عطیہ کریں۔

مذکورہ شخص کوئی اور نہیں بلکہ ’لہور دا پاوا ، اختر لاوا‘ کے فقرے سے شہرت حاصل کرنے والے اختر لاوا ہیں جنہوں نے حال ہی میں موسیقی کی دنیا میں قدم رکھا ہے۔

’لہور دا پاوا ، اختر لاوا‘ کے فقرے سے شہرت حاصل کرنے والے اختر لاوا نے موسیقی کی دنیا میں قدم رکھ دیا، ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

مذکورہ وائرل ویڈیو میں انہیں کہتے ہوئے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ ’میں مانگنے والا نہیں ہوں، دراصل میرے حالات خراب ہیں، میں مدرسہ بنا رہا ہوں جس کے لئے رقم کی ضرورت ہے جس نے چند دینا ہے وہ اُٹھ کے نہ آئے۔ میں خود اس کے پاس آؤں گا‘۔

انہیں یہ بھی کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ جو انہیں 100 روپے عطیہ کرے گا اسے 70 گُنا زیادہ ملے گا‘

اس مختصر ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ وہ دبئی جا رہے ہیں جبکہ ویڈیو کے اختتام پر وہ اپنے مخصوص انداز میں ’لہور دا پاوا ، اختر لاوا‘ بھی کہتے ہیں۔

خیال رہے کہ اس ویڈیو میں ایئر ہوسٹس کی عقب سے آواز سنائی دیتی ہے جو انہیں دوران پرواز نشت سے کھڑا ہونے سے منع کر رہی ہے تاہم وہ احکامات ماننے سے انکاری دکھائی دیئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.