پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نےسوال اٹھایا ہے کہ ن لیگ 16 ماہ کے اقتدار کی بات کیوں نہیں کرتی؟
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے استفسار کیا کہ ن لیگ عام انتخابات کا مطالبہ کیوں نہیں کررہی ہے؟
انہوں نے کہا کہ ہمیں لگتا تھا کہ نواز شریف مینار پاکستان پر الیکشن کا مطالبہ کریں گے، جو چیز 2018ء میں غلط تھی، وہ آج بھی غلط ہے۔
پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ اگر ن لیگ کو لگ رہا ہے کہ وہ جیت جائے گی تو الیکشن کا مطالبہ کیوں نہیں کرتے؟ ن لیگ پیغام دے رہی ہے کہ انہیں انتخابات میں اکثریت چاہیے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی گالم گلوچ کی سیاست نہیں کی اور نہ کریں گے، ہم نے ہمیشہ لیول پلیئنگ فیلڈ کی بات کی ہے، ہمیں کبھی لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف کو جو پروٹوکول مل رہا ہے وہ دیگر سابق وزرائے اعظم کو بھی ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ 16 ماہ کی بات کیوں نہیں کرتی؟ ن لیگ شہباز شریف کے 16 ماہ کے دور کی بھی بات کرے۔
پی پی ترجمان نے کہا کہ سندھ میں بہترین اسپتال ہیں کیا پنجاب میں سندھ جیسا کوئی ایک اسپتال ہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ ہم اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کرحکومت بنائیں گے اور ن لیگ کو بھی حکومت میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔
Comments are closed.