وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لیے جوڈیشل روایات کے مطابق فیصلے کیے جائیں، ن لیگ کو دیوار سے نہیں لگانا چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
رانا ثناء اللّٰہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غنڈہ عناصر نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی دیواریں پھلانگیں، زبردستی دفاتر میں داخل ہوئے، مگر متعلقہ تھانے کو کوئی شکایت نہیں دی۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عدالت کا احترام معاشرے کے امن کے لیے ضروری ہے، چاہتے ہیں عدالتوں کا احترام ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کر رہا ہے، وہ قوم کو تقسیم کرنا چاہتا ہے۔
وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی میں عمران خان سے لے کر نیچے تک کہا گیا 40 کروڑ کی پیش کش ہوئی، کہا گیا حکومت دھاندلی کررہی ہے، پی ٹی آئی کی کسی بات پر یقین نہیں کرنا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ عمران خان اداروں کوگالیاں دیتا ہے، انہوں نے الیکشن جیت کر بھی الیکشن کمیشن پر الزامات لگائے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے الیکشن کمیشن سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری سنانے کا مطالبہ کردیا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انصاف ہونا چاہیے اور ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے، شہباز شریف کی ضمانت عدالت نے کنفرم کی۔
Comments are closed.