کراچی کے علاقے نیو کراچی صنعتی ایریا کی فیکٹری میں لگی آگ پر 2 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا، آگ بجھانے کے عمل میں نارتھ کراچی انڈسٹریل ایسوسی ایشن (نکاٹی) کی 2 اور فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے حصہ لیا۔
نیو کراچی صنعتی ایریا میں گارمنٹ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، نکاٹی اور کے ایم سی کے فائر ٹینڈرز کی مدد سے آگ بجھا دی گئی۔
آگ لگنے کی اطلاع پر فائر بریگیڈ کے علاوہ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی پہنچی تھی۔
چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ فیکٹری کی دوسری منزل پر لگی جہاں تیار کپڑا موجود تھا، آگ بجھانے کے لیے 8 فائر ٹینڈرز اور 2 واٹر باؤزر استعمال کیئے گئے، آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔
آگ لگنے کی اطلاع پر ڈی سی سینٹرل بھی موقع پر پہنچ گئے، ان کا کہنا تھا کہ آگ پر 2 گھنٹے کی جدو جہد کے بعد قابو پایا گیا ہے، اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
نکاٹی کے صدر فیصل معیز نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہمارے پاس 2 فائر ٹینڈرز 24 گھنٹے موجود ہوتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے فائر ٹینڈرز کے لیے عملہ نہیں ہوتا تھا، گورنر سندھ عمران اسماعیل اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ کی کوششوں سے اب ہمارے پاس فائر ٹینڈر کا عملہ موجود ہے۔
چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ نارتھ کراچی انڈسٹریل ایسوسی ایشن (نکاٹی) فاروق کھتوڑا نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ تیسرے درجے کی آگ تھی، جو فائر بریگیڈ کی کوششوں سے فوراً بجھا دی گئی۔
Comments are closed.