چیئرمین جوائنٹس چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ پاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسٹریٹیجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصرے سے ہر صورت گریز کیا جائے۔
نسٹ یونیورسٹی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ندیم رضا کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر ممالک میں رائج طریقہ عمل کے مطابق صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہی اسٹریٹیجک پروگرام پر ریسپانس اور تبصرہ دینے کی مجاز ہے۔
نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے تحت علاقائی عوامل اور سیکیورٹی پر سیمینارمنعقد کیا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ قومی سیکورٹی ناقابل تقسیم ہے، سول اور ملٹری قیادت اس اسٹریٹیجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔
جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت وطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے۔
ڈپٹی چیئرمین نیشنل کمانڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور نیوکلیئر ملک ہے، پاکستان کی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے جو کہ قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری قومی سیکیورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف تمام قومی اور بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ہے۔
Comments are closed.