مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے گروپ 2 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 16 رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ نے 173 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 156 رنز بناسکی۔
اسکاٹ لینڈ نے ایونٹ کی روایت کے مطابق ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اس میچ میں مارٹن گپٹل کے بلے نے رنز کے انبار لگادیے، لیکن دیگر کھلاڑی یکے بعد دیگر آؤٹ ہوتے رہے۔
انہوں نے 56 گیندوں پر 93 رنز کی اننگز کھیلی اور سنچری نہ کرسکے۔
اختتامی لمحات میں گلین فلپس نے 33 اور جمی نیشم نے 10 رنز بنا کر ٹیم کو 172 کے مجموعے تک پہنچایا۔
اسکاٹ لینڈ کی جانب سے براڈ ویل اور صفیان شریف نے دو دو جبکہ مارک ویٹ نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کے بیٹرز نے ذمہ دارانہ آغاز کیا، تاہم وہ نیوزی لینڈ کی تجربہ کار بولنگ کے سامنے ڈٹ نہ سکے۔
اسکاٹ لینڈ کے بیٹسمین رنز تو بناتے رہے لیکن وہ وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں بھی گنواتے رہے۔
مائیکل لیسک 20 گیندوں پر 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، انہیں دوسرے اینڈ پر موجود بیٹرز سے اسی طرح کا جارحانہ ساتھ نہ مل سکا۔
کیویز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور ایش سوڈھی نے دو، دو جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ لی۔
اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے اہم 4 پوائنٹس حاصل کرلیے اور اسے سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اب صرف دو فتوحات درکار ہیں۔
دوسری جانب سپر 12 میں مسلسل تیسری ناکامی کے بعد اسکاٹ لینڈ کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے جبکہ اس کے دو میچز ابھی باقی ہیں۔
Comments are closed.