نیوزی لینڈ کی سابق وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے سیاست کو خیرباد کہہ دیا ہے۔
جیسنڈا آرڈرن نے ویلنگٹن میں پارلیمنٹ سے اپنے آخری خطاب کے دوران کہا کہ ماں ہونے کی ذمہ داریوں کی وجہ سے سیاسی کریئر یا عوام کی رہنمائی کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں آتی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں آج اپنے سیاسی کیریئر کو یہ یقین دہانی کرواتے ہوئے خیرباد کہہ رہی ہوں کہ میں نے اپنے پورے کیریئر کے دوران جتنا ممکن ہوسکا ایک بہترین ماں بننے کی کوشش کی۔
اُنہوں نے پارلیمنٹ سے اپنے اس آخری خطاب میں خواتین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ زچگی کو اپنے قائدانہ تصورات میں رکاوٹ نہ بننے دیں اور ساتھ ہی عالمی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ سیاست کو موسمیاتی تبدیلی کے مسئلے سے دور رکھیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ جب میں لیبر پارٹی کی لیڈر منتخب ہوئی تو میں اس وقت اپنی زندگی میں ایک ایسے دور سے گزر رہی تھی کہ مجھے لگا کہ اب میں کبھی ماں نہیں بن سکتی لیکن میرے لیے وہ انتہائی حیرت انگیز لمحہ تھا جب مجھے کچھ مہینے بعد یہ معلوم ہوا کہ میں حاملہ ہوں۔
نیوزی لینڈ کی سابق وزیرِ اعظم نے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا کہ سیاستدان بھی انسان ہوتے ہیں، جب تک ہم کوئی کام بہترین انداز سے کر سکتے ہیں تو ہم اپنا سب کچھ وقف کردیتے ہیں اور پھر ہر انسان کی زندگی میں ایک ایسا وقت آتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے کسی نہ کسی دور کے اختتام سے گزرتا ہے اور میرے لیے اپنے سیاسی دور کو خیرباد کہنے کا یہ صحیح وقت ہے۔
واضح رہے کہ جیسنڈا آرڈرن نے غیر متوقع طور پر رواں سال جنوری میں وزیر اعظم کے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔
ان کے اس فیصلے کے بعد سے ناقدین یہ قیاس آرائیاں کررہے ہیں کہ اُنہوں نے یہ عہدہ اچانک اس لیے چھوڑا ہے کیونکہ وہ سیاست کے ساتھ ماں ہونے کی ذمہ داریاں نہیں نبھا پارہی ہیں۔
جیسنڈا آرڈرن کے اس فیصلے نے بین الاقوامی میڈیا کی بھی خصوصی توجہ حاصل کی ۔
Comments are closed.