پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کسی قسم کے تحفظات کا اظہار نہیں کیا، پی سی بی دورے کی بھرپور تیاری کر رہا ہے، کھلاڑیوں کو سرکاری مہمان کا درجہ حاصل ہوگا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 3 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلنے اگلے ماہ پاکستان آئے گی، تاہم نیوزی لینڈ کے میڈیا کا کہنا ہے بعض کھلاڑیوں کو سیکیورٹی پر تحفظات ہیں اور دورے کا دار و مدار سیکیورٹی کے ازسر نو جائرے پر ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ کی جانب سے کسی خدشے یا تحفظات کا اظہار نہیں کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بورڈ بھرپور انداز میں راولپنڈی اور لاہور میں میچز کی میزبانی کے لیے تیاری کر رہا ہے، نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کو پاکستان میں سرکاری مہمان کا درجہ حاصل ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ سیکیورٹی کنلسٹنٹ ریگ ڈکاسن کی پاکستان آمد پہلے سے شیڈولڈ تھی اور اس کا خطے کی بدلتی صورتحال سے کوئی تعلق نہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ریگ ڈکاسن ای سی بی کے بھی کنسلٹنٹ ہیں اور وہ اپنی رپورٹ انگلش کرکٹ بورڈ کو بھی دیں گے۔
دوسری جانب برطانوی اخبار نے اکتوبر میں طے انگلش ٹیم کے دورہ پاکستان پر خدشات کا اظہار کیا ہے تاہم ای سی بی کے ترجمان نے جیو نیوز کو بتایا کہ کسی بھی دورے سے قبل سیکیورٹی چیک معمول کا پروٹوکول ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ فی الحال انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیم پروگرام کے مطابق پاکستان کے دورے کی تیاری کر رہی ہے۔
Comments are closed.