انسان کے لیے نیند کے مستقل اوقات مقرر کرنا صحت کے لیے اچھا سمجھا جاتا ہے۔
نیند کے مستقل اور مناسب اوقات دن بھر بہتر انداز سے کام کرنے کے لیے بہت ضروری ہیں۔
یہاں ایک نظر نیند کے مناسب اوقات مقرر کرنے کے فوائد پر ڈال لیتے ہیں۔
1- نیند کا بہتر معیار
نیند کے مناسب اور مستقل اوقات سے جسم کے اندرونی نظام کو ہم آہنگ کرنے میں مدد ملتی ہے جسے ’سرکیڈین رہدم (circadian rhythm)‘ کہا جاتا ہے۔ اس اندرونی نظام کے ہم آہنگ ہونے سے انسان جلدی اور پرسکون گہری نیند میں سو سکتا ہے اور صحیح وقت پر جاگ بھی سکتا ہے۔
یوں نیند کا معیار بہتر ہونے پر انسان دن بھر زیادہ تر و تازہ اور توانا محسوس کر سکتا ہے۔
2- کام میں بہتری
نیند کے مستقل اوقات انسان کے لیے دن بھر کے کاموں کی منصوبہ بندی اور ترجیحات کو آسان بناتے ہیں۔
جب انسان کی نیند صحیح سے پوری ہوتی ہے تو وہ دن بھر توانا رہتا ہے اور اپنے کام پر توجہ آسانی سے مرکوز کرسکتا ہے اور اس طرح کوئی بھی کام بہتر انداز میں سر انجام دے سکتا ہے۔
3- ذہنی صحت میں بہتری
انسان کے لیے اپنی ذہنی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے مناسب نیند ضروری ہے اور نیند کے مستقل اوقات پر عمل کرنے سے انسان کو اپنے جذبات کو کنٹرول کرنے، ذہنی تناؤ کو کم کرنے اور مجموعی طور پرصحت کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
نیند کی کمی اور نیند کے غیر مستقل اوقات انسان کے موڈ کو خراب کرتے ہیں اور پھر ڈپریشن اور انزائٹی کا شکار ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
4- مدافعتی نظام میں بہتری
انسان کے مضبوط مدافعتی نظام کے لیے بھی معیاری نیند بہت ضروری ہے۔ نیند کے مستقل اوقات پر عمل کر کے انسان اپنے جسم کو دوبارہ توانا ہونے کا موقع دیتا ہے جس سے انسان کے مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے اور بیماریوں سے لڑنے میں مدد ملتی ہے۔
5- مناسب وزن
کئی تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ نیند کے معیار میں کمی وزن میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے۔
اس لیے نیند کے مستقل اوقات پر عمل کر کے انسان کو اپنے میٹابولزم کو منظم کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور زیادہ کھانے یا غیر صحت بخش کھانے کی خواہش کے امکانات بھی کم ہوسکتے ہیں۔
6- دائمی بیماریوں میں مبتلا ہونے کے امکانات میں کمی
نیند کے مستقل اوقات پر عمل کرنے سے دائمی بیماریوں جیسے دل کے امراض، ذیابیطس اور موٹاپے کے خطرات کو کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
اسی لیے مجموعی صحت اور تندرستی کو برقرار رکھنے کے لیے معیاری نیند بہت ضروری ہے۔
Comments are closed.