رات کی پُرسکون نیند اچھی جسمانی و ذہنی صحت کے لیے بہت ضروری ہے اگر رات کی نیند پوری نہ ہو تو یہ آپ کو خود غرض بنادیتی ہے، آپ کو صحت کے حوالے سے مختلف مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نیند کی کمی آپ کو خود غرض رویہ اختیار کرنے پر مجبور کرسکتی ہے۔
پی ایل او ایس بائیولوجی نامی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق نیند کی کمی انسانی ہمدردی اور دوسروں کی مدد کرنے کے جذبے پر اثر انداز ہوتی ہے۔
کیلیفورنیا میں کی جانے والی تحقیق کے مطابق محققین کا کہنا ہے کہ نیند میں صرف ایک گھنٹے کی کمی بھی کسی کی مدد کرنے کے حوالے سے لوگوں کے رویے کو متاثر کرتی ہے۔
محقق بین سائمن (Ben Simon) نے بتایا ہے کہ جب کسی شخص کی نیند میں صرف ایک گھنٹے کی کمی آتی ہے تو اس کی مہربانی کرنے کی انسانی فطرت اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کے جذبے میں بھی واضح فرق آتا ہے۔
محققین نے تین مختلف مطالعات کے تجزیے سے یہ ثابت کیا ہے کہ نیند کی کمی دوسروں کو فائدہ پہنچانے والے رویے کو متاثر کرتی ہے۔
محققین نے یہ بھی مشاہدہ کیا ہے کہ نیند کی مقدار اور معیار دونوں ہی انسان کے جذباتی اور سماجی رویے پر اثر انداز ہوتے ہیں۔
بین سائمن کا یہ بھی کہنا ہے کہ نیند کی کمی کا تعلق ذہنی امراض جیسے ڈپریشن، اضطرابی کیفیت اور موٹاپے جیسی جسمانی بیماریوں سے بھی ہے۔
Comments are closed.