نیشنل ٹی20 کپ میں سندھ کو گزشتہ روز جتوانے والی بارش نے اسے آج شکست سے دوچار کردیا۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر نیشنل ٹی 20 کپ کا 16واں میچ سینٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان کھیلا گیا۔
سندھ کی ٹیم نے بارش کے باعث کل ناردرن سے میچ 3 رنز کے فرق سے جیتا تھا لیکن آج اسے ڈی ایل میتھ کے تحت 12 رنز سے شکست ہوگئی۔
سینٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 168رنز بنائے۔
سینئر بیٹسمین شعیب ملک نے 85 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے اس دوران 8 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔
دیگر کھلاڑیوں میں احمد شہزاد 35، بابر اعظم اور حسن علی 12،12 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔
سندھ کی طرف سے رومان رئیس نے 4، ابرار احمد نے 3 اور محمد حسنین نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔
169رنز کے ہدف کے تعاقب میں سندھ نے 14 اعشاریہ 4 اوورز میں 6 وکٹ پر 110 رنز ہی بنائے تھے کہ بارش ہوگئی۔
سندھ کی طرف سے شرجیل خان نے 36، خرم منظور 14 اور شان مسعود 12 اور سعود شکیل 14رنز ناٹ آؤٹ کے ساتھ نمایاں اسکور رہے ۔
سینٹرل پنجاب کی طرف سے قاسم اکرم نے 3، ثمین گل نے 2 اور وہاب ریاض نے 1 وکٹ حاصل کی۔
میچ میں شکست کے ساتھ ہی سندھ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی سے گر کر دوسری پوزیشن پر آگئی ہے جبکہ اس کی جگہ خیبرپختونخوا کی ٹیم نے لے لی ہے۔
Comments are closed.