بدھ 7؍محرم الحرام 1445ھ26؍جولائی 2023ء

نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل اکیڈمک بورڈ کے پہلا اجلاس کا انعقاد

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے اپنے ہیڈ آفس میں آج پی ایم ڈی سی اکیڈمک بورڈ کا پہلا اجلاس منعقد کیا۔

21 رکنی نیشنل میڈیکل اینڈ ڈینٹل اکیڈمک بورڈ انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل اور ڈینٹل اداروں میں تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے کی پالیسی کی نگرانی کرے گا۔

 پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل پاکستان میں واحد ہیلتھ کیئر ایجوکیشن ریگولیٹر ہونے کے ناطے انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تعلیم کےلیے تمام میڈیکل اور ڈینٹل انسٹیٹیوٹ میں بہترین معیارات مرتب کرتا ہے اور ان کا نفاذ کرتا ہے۔

بورڈ کا کام بنیادی طور پر میڈیکل اور ڈینٹل انڈرگریجویٹ ایکریڈیٹیشن کے معیارات کو وضع کرنا ہے جس میں نصاب، طبی تعلیم کے معیارات / CME/CPD، غیر ملکی اداروں کے تعلیمی معیارات اور امتحانی معیارات، بشمول MDCAT، قومی رجسٹریشن امتحان اور NEB شامل ہیں۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ چونکہ اکیڈمک بورڈ تشکیل نہیں دیا گیا تھا اس لیے PM&DC نے طلباء اور ڈاکٹروں کے وسیع تر مفاد میں سابقہ تعلیمی بورڈ کی وضع کردہ پالیسیوں کو اپنایا، جس میں MDCAT/NRE اور NEB کے امتحانات شامل تھے۔

اکیڈمک بورڈ نے متفقہ طور پر اس سال 2023 سے 2024 کیلئے قومی طبی اور ڈینٹل نصاب کی منظوری دے دی ہے۔

اکیڈمک بورڈ نے متفقہ طور پر پی ایم اینڈ ڈی سی ایکٹ 2022 کے سیکشن 13 کے تحت بورڈ کو بھیجے گئے تمام ضوابط اور معاملات کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار اور صدر سی پی ایس پی نے پاکستان میں طبی تعلیم کے معیار کو حاصل کرنے کیلئے پی ایم اینڈ ڈی سی کونسل کے ساتھ اپنے مکمل تعاون اور مدد کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اکیڈمک بورڈ CME/CPD کیلئے سب سے پہلے معیار، ضوابط اور پرفارما تیار کرے گا۔

CPSP نے اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کی مدد اور اشتراک کےلیے مکمل تعاون کو بھی یقینی بنایا ہے۔

کمیٹی جنرل اور اسپیشلسٹ میڈیکل/ڈینٹل پریکٹیشنرز کیلئے CME/CPD کریڈٹ اوقات بھی وضع کرے گی جو PM&DC لائسنسز کی مزید تجدید کرے گا۔

میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے ورکشاپس کے انعقاد کے ساتھ ساتھ مقررہ وقت پر ورلڈ فیڈریشن فار میڈیکل ایجوکیشن (WFME) ایکریڈیشن پروگرام کےلیے درخواست دی جاچکی ہے۔

21 رکنی بورڈ پی ایم اینڈ ڈی سی ایکٹ 22 کے سیکشن 11 کے مطابق چار سال کی مدت پوری کرے گا۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین اکیڈمک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر زاہد امان ڈین خیبر گرلز میڈیکل کالج پشاور نے کی۔ ڈاکٹر سید اظہر علی شاہ نے بورڈ کے سیکریٹری کی حیثیت سے اگست فورم کی معاونت کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.