سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان نیدرلینڈز نے یومِ آزادی روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔ پاکستان ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں نیدرلینڈز کے مختلف علاقوں سے طلباء، خواتین اور بچوں سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
قومی ترانے کی دھن پر سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
پاکستان کے نامور اور کم عمر کوہ پیما، شہروز کاشف بھی پرچم کشائی کی تقریب میں شریک ہوئے۔ وہ کے ٹو سر کرنے والے دنیا کے سب سے کم عمر کوہ پیما ہیں۔ ا نہوں نے یہ اعزاز 27 جولائی 2021 کو اپنے نام کیا۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ دنیا کی تمام آٹھ ہزار میٹر سے بلند چوٹیوں کو سر کرکے ان پر پاکستانی پرچم لہرانا چاہتے ہیں۔ شہروز کاشف پاکستان میں سیاحتی مواقع کو اجاگر کرنے کی غرض سے نیدر لینڈز کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں۔
پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے اپنے خطاب میں تحریکِ آزادی کے قومی ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے شرکاء کو اس سال دو طرفہ تعلقات کے قیام کے 75 سال مکمل ہونے پر نیدرلینڈز اور پاکستان کی جانب سے منعقد ہونے والی تقریبات کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی دعاؤں میں مظلوم کشمیری بہنوں اور بھائیوں کو یاد رکھنا چاہئے جو مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و ستم برداشت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام کے لئے پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کابھی اعادہ کیا۔
سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کمیونٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے تعلقات کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرتے رہیں۔ اس دوران پاکستان اور نیدرلینڈز کے باہمی تعاون کے تحت کلنگنڈال انسٹیٹیوٹ میں زیرِ تربیت نوجوان سفارتکار بھی موجود تھے۔
تقر یب کے اختتام پر ملک کی خوشحالی، سلامتی اور معاشی استحکام کے لئے دعائیں کی گئیں۔
Comments are closed.