سفارت خانہ پاکستان نیدرلینڈز کے زیر اہتمام مینگو فیسٹیول منایا گیا۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے تعاون سے نیدرلینڈز میں منایا جانے والا یہ 17واں فیسٹیول تھا۔ جس میں نیدرلینڈز کی ڈپلومیٹک کور سے تعلق رکھنے والے سفارت کار، آم کے درآمد کنندگان اور پاکستانی کمیونٹی کے چنیدہ افراد شامل تھے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیدرلینڈز میں پاکستان کے سفیر سلجوق مستنصر تارڑ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ پاکستان دنیا کا 5واں بڑا آم پیدا کرنے والا ملک ہے۔
گذشتہ مالی سال میں پاکستان نے آم کی برآمدات سے 122 ملین ڈالر سے زائد زرمبادلہ کمایا۔ جبکہ صرف نیدرلینڈز میں آم کی برآمدات 6 لاکھ امریکی ڈالر رہیں جوکہ 2019-20 کے مقابلے میں 125 فیصد زائد تھی۔
اسی طرح سفیر پاکستان نے ایک اور اہم جنس چاول کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اس وقت یورپی یونین کو چاول فراہم کرنے والا سب سے بڑا اور دنیا میں چاول کا چوتھا بڑا برآمد کنندہ ہے۔
انہوں نے شرکائے محفل کو خوشی سے مطلع کیا کہ اپنے ذائقے کی لذت کے باعث یہ پھل تحفے میں دیا جاتا ہے اور صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے نیدرلینڈز کے اعلیٰ حکام کو یہ آم تحفے کے طور پر بھجوائے گئے ہیں۔
اس موقع پر یوم دفاع اور یوم فضائیہ کی مناسبت سے پاکستان کے شہیدوں، غازیوں اور پاکستان کی مسلح افواج کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔
جبکہ شرکائے محفل کو پاکستان کی سیاحت سے متعلق ایک ڈاکو مینٹری بھی دکھائی گئی۔ سفیر پاکستان سلجوق تارڑ نے شرکاء کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کو اپنی سیاحت کی لسٹ کا ایک مستقل حصہ بنالیں، کیونکہ اس کی خوبصورتی کو صرف ایک دفعہ میں نہیں جانچا جاسکے گا۔
بعد ازاں مہمانوں کی آم سے بنی ہوئی ڈشوں اور خوشبودار بریانی سے تواضع کی گئی۔ قبل ازیں نیدرلینڈز میں تعینات ٹریڈ اینڈ انوسٹمنٹ قونصلر رائو رضوان الحق نے تمام مہمانوں کا باری باری ذاتی طور پر استقبال کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
Comments are closed.