بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

نیب میں موجودہ وزیر اسپورٹس کیخلاف کارروائی کی جرأت ہے؟ احسن اقبال

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے سوال اٹھایا ہے کہ کیا نیب میں اتنی جرأت ہے کہ موجودہ وزیرِ اسپورٹس کے خلاف کارروائی کرے؟

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ میرا جرم ہے کہ میں نے صوبائی حکومت کے فنڈز جاری کیئے، آج آپ دیکھیں گے کہ موجودہ وزیر نے مجھ سے زیادہ فنڈ جاری کیئے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما نے کہا کہ نیب موجودہ وزیر کے خلاف کارروائی نہیں کرے گا کیونکہ وہاں اس کے پر جلتے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ نارووال اسپورٹس سٹی جیسے شاندار منصوبے پر مجھے اڈیالہ جیل موت کی چکی میں قید رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک لفظ بھی کیس میں ذاتی بدعنوانی پر نہیں ہے، یہ ریفرنس حکومت اور نیب کی جہالت کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

نون لیگی رہنما نے کہا کہ آرٹیکل 164 میں واضح لکھا گیا ہے کہ حکومت کسی شعبے میں فنڈز کہیں بھی خرچ کر سکتی ہے، ہر فیصلے میں ہائی کورٹ نے تحریر کیا ہے کہ نیب کرپشن کا کوئی ریکارڈ پیش نہیں کر سکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے نارووال منصوبہ اپنی حکومت میں منظورنہیں کروایا، وہ ہم سے پہلی حکومت نے منظور کیا تھا، یہ جھوٹی حکومت اپنے آخری ایام میں ہے۔

اس حوالے سے نیب کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ احسن اقبال کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب صاحب! آپ کو بھی بتانا ہوگا آپ نے یہ کس کے کہنے پر کیا ہے؟ آج امیر اور غریب میں واضح فرق اور الگ الگ پاکستان ہے۔

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم صاحب! آپ نے ملک کو 5 فیصد اشرافیہ کا پاکستان بنا دیا ہے، باقی 95 فیصد عوام آج خوار ہو رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.