مسلم لیگ ن کے رہنما، سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب کو اسد منیر کے اہلِ خانہ کو جواب دینا پڑے گا، نیب کم سے کم دو الفاظ ہی کہہ دے کہ ہم سے غلطی ہوئی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ چیئرمین نیب نے جو کچھ کیا اس کا ان کو جواب دینا پڑے گا، پچھلے کئی سال سے ہم کہہ رہے ہیں کہ نیب نے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ نیب نے کاروبار اور معیشت کو تباہ کیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ نے کل مقدمہ ختم کر دیا، جس کی منظوری چیئرمین نیب نے دی تھی۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نیب میں صرف سیاسی وفاداریاں تبدیل کرانے کے کیس ہیں، اگلی جو حکومت آئے گی نیب کو بند کرے گی کیونکہ اس نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔
شاہد خاقان نے کہا کہ مسلم لیگ ق نے فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اقتدارکے ساتھ رہے گی یا عوام کے ساتھ۔ تحریکِ عدم اعتماد کے لیے ق لیگ کو دعوت دی ہے، ق لیگ کے 5 اراکین ہیں، ان کے بغیر بھی تحریکِ عدم اعتماد ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے اقتدار کا کوئی شوق نہیں، یہ پہلی حکومت ہے جس نے دعوے کیے تھے کہ احتساب کریں گے۔
Comments are closed.