کراچی کی احتساب عدالت میں قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریفرنس واپس پہنچا دیے گئے۔
نیب کی جانب سے ریفرنسز سے بھری گاڑی کراچی کی احتساب عدالت پہنچی۔
یاد رہے کہ نیب ترامیم کے بعد کراچی کی احتساب عدالت سے سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا ریفرنس چیئرمین نیب کو واپس بھیجا گیا تھا۔
ڈاکٹر عاصم حسین اور ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال کا ریفرنس بھی چیئرمین نیب کو بھیجا گیا تھا۔
کراچی سے سابق چیئرمین اسٹیل مل معین آفتاب شیخ اور ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی کا ریفرنس بھی واپس بھیجا گیا تھا۔
سابق سیکریٹری بدر جمیل میندرو اور سابق ڈی جی کے ڈی اے ناصر عباس سمیت دیگر کے ریفرنسز واپس بھیجے گئے تھے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ 15 ستمبر کو سابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل آخری دن آخری کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں نیب ترامیم کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست قابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے نیب ترامیم کی کئی شقیں کالعدم قرار دے دی تھیں۔
سپریم کورٹ نے 50 کروڑ روپے کی حد سے کم ہونے پر ختم ہونے والے تمام مقدمات بحال کر دیے تھے اور تمام کیسز احتساب عدالتوں میں دوبارہ مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔
عدالتِ عظمیٰ کے حکم پر ملک بھر کی احتساب عدالتوں کو نیب کی جانب سے ریفرنسز واپس بھیجے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.