چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نور عالم خان نے کہا ہے کہ نیب افسران احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں پی اے سی اجلاس کے دوران چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ نیب افسر کو بلایا تو انہوں نے ہمارے اختیارات کو چیلنج کردیا، مجھے لیٹرز بھیجے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں پی اے سی کے خلاف حکم امتناع لیے جارہے ہیں، نیب آفیسرز احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی سینیٹر شبلی فراز نے دوران اجلاس کہا کہ پی اے سی اپنے آڈٹ پیرا پر ہی توجہ رکھے، جو کیس عدالتوں میں ہیں، انہیں یہاں نہ لائیں۔
اس پر نور عالم نے کہا کہ آئین کے مطابق ہمیں تمام اختیارات حاصل ہیں، آئین کے تحت ہمارے پاس سزا دینے کا بھی اختیار موجود ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آرٹیکل 207 کے تحت میں پی اے سی میں پبلک پٹیشن بھی سن سکتا ہوں، ایک عورت نے پی اے سی میں وڈیو ثبوت پیش کیے، جن لوگوں کا نام اس عورت نے لیا میں سب کو بلاؤں گا۔
چیئرمین پی اے سی نے مزید کہا کہ اگر عدالت احتساب نہیں چاہتی تو ہمیں بول دیں، ہم کمیٹیاں ختم کرکے گھر چلے جائیں۔
اس موقع پر رکن کمیٹی نزہت پٹھان نے کہا کہ جس خاتون نے یہ ویڈیوز پیش کی ہیں، وہ تو کالز پر انجوائے کررہی تھیں۔
نور عالم خان کا کہنا تھا کہ عورت کی ہراسانی کا معاملہ بھی کرپشن سے منسلک ہے، اس لیے پی اے سی میں سنا جاسکتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ نیب کے افسران کے اثاثوں کی تفصیلات بھی نہیں ملیں، اپنے اثاثے چھپانے والوں پر سخت قوانین لاگو ہونے چاہئیں۔
Comments are closed.