بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

نیازی صاحب نے جہاد کا اعلان کر کے 1 گھنٹے بعد واپس لے لیا: حمزہ شہباز

مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نیازی صاحب نے جہاد کا اعلان کر کے ایک گھنٹے بعد یہ اعلان واپس لے لیا۔

لاہور کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران نیازی صاحب خود دھاندلی کی پیداوار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب نے جہاد کرنا ہے تو ڈسکہ الیکشن کے خلاف کریں، اپنے خلاف کریں، پنجاب حکومت کے خلاف کریں۔

مسلم لیگ ( ن ) کے نائب صدر اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے عوام کو ایک کروڑ نوکریوں کا جھانسہ دیا ، اب الیکشن میں دھوکا دینے والوں کا حساب ہوگا۔

حمزہ شہباز نے سوال کیا کہ عمران خان آٹا، چینی، پیٹرول اور ادویات کی قیمتوں کےخلاف جہاد کیوں نہیں کرتے، مالم جبہ اور فارن فنڈنگ کیس کے خلاف جہاد کیوں نہیں کرتے؟

ان کا کہنا ہے کہ قوم جان لے کہ اس حکومت کا دہرا معیار ہے، آج غریب کے گھر میں فاقے راج کر رہے ہیں، قوم کو مہنگائی کی بھٹی میں جھونک دیا گیا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سردیاں آ گئیں، گیس کا شدید ترین بحران دروازے پر دستک دے رہا ہے، قوم کو جھوٹ کا تمغہ نیازی صاحب کے نام کرنا چاہیئے۔

اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ غریب کےلیے بچوں کا پیٹ بھرنا مشکل ہوگیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کا پہیہ عمران خان کا بھاشن سن کر نہیں چلے گا، انہوں نے جھوٹ بولنے کے سوا 4 سال میں کچھ نہیں کیا۔

حمزہ شہباز نے یہ بھی کہا کہ اب ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ عوام کےساتھ کھڑے ہوں گے، مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف حکومت کے خاتمے تک احتجاج کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.