بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

نیازی سرکار سندھ ہاؤس پر حملہ کریگی، پی پی MNAs

پی پی ارکان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز کے بعد نیازی سرکار اب سندھ ہاؤس پر حملے کی تیاری کر رہی ہے۔

پیپلزپارٹی کے ارکان قومی اسمبلی قادر پٹیل، آغا رفیع اللّٰہ، قادر مندوخیل اور دیگر ارکان نے مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ عمران خان حکومت دہشتگردی پر تُلی ہوئی ہے۔

پی پی ارکان اسمبلی نے کہا کہ ہم تمام اراکین نے حکومت سندھ سے درخواست کی تھی کہ سندھ ہاؤس میں رہنے دیں، ہماری جانیں پارلیمنٹ لاجز میں محفوظ نہیں۔

حکومت نے سندھ ہاؤس پر بڑا ایکشن کرنے کی تیاری کر لی، اس حوالے سے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سندھ ہاؤس سے بہت سا پیسہ منتقل کرنے کی اطلاعات ہیں۔

ارکان کا کہنا تھا کہ ہمارے ساتھ ہماری خواتین ارکان بھی غیر محفوظ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے پارلیمنٹ لاجز میں غیر قانونی چڑھائی کی، اور اس دوران لوگوں کی جان خطرے میں ڈالی گئی۔

پی پی ارکان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ہمیں سندھ پولیس کی حفاظت میں دیا جائے، اسلام آباد پولیس گلوبٹ بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اطلاعات ہیں عمران خان کے ذاتی بدمعاش ٹائیگر فورس سندھ ہاؤس پر حملے کی تیاری کر رہی ہے، اگر سندھ ہاؤس یا ہمارے کسی رکن کو نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری نیازی سرکار پر ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.