پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ دانیال عزیز کا احترام کرتا ہوں جو الزامات انہوں نے مجھ پر لگائے افسوس ہوا، مجھے نہیں معلوم دانیال عزیز بلاول بھٹو کی زبان کیوں بول رہے ہیں؟
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ شاید دانیال عزیز میرا نام لے کر کسی اور کو اپنی بات سنانا چاہتے ہیں، دانیال عزیز کے مجھ پر الزامات کا وزیر منصوبہ بندی سے کوئی تعلق نہیں، دانیال عزیز پرانے سیاست دان ہیں، ان سے توقع نہیں تھی۔
احسن اقبال نے کہا کہ نواز شریف نے پارٹی کے پہلے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی، ن لیگ انتخابات کی تیاری کیلئے سنجیدہ کوششیں شروع کر چکی ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجز کا حل مضبوط، مستحکم منتخب حکومت ہے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ماضی میں 4 سال میں ہم نے11 ہزار میگاواٹ کے بجلی کے منصوبے لگائے، مسلم لیگ ن کے پاس معاشی بحران پر قابو پانے کی صلاحیت موجود ہے، مسلم لیگ ن نے بجلی کے بحران پر قابو پا کر دکھایا، ن لیگ نے ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کر کے دکھایا، کراچی کی رونقیں بحال کیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ انتخابی امیدواروں کا میرٹ پر چناؤ کیا جائے گا جس حلقے میں خلا محسوس کریں گے وہاں الیکٹیبل لائیں گے، قوم دیکھےگی مسلم لیگ ن کی انتخابی ٹیم تاریخی فتح دلائے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ عثمان بزدار کے 4 سال میں ہماری کارکردگی پر گرہن لگانے کی کوشش کی گئی، پیپلز پارٹی 18ویں ترمیم سے متعلق خوف پھیلانا چاہتی ہے، ن لیگ کا مقصد 18ویں ترمیم کی اصل روح پر عمل درآمد کروانا ہے، بلدیاتی حکومت کی مضبوطی کیلئے 18ویں ترمیم کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہتے ہیں، 18ویں ترمیم کو ن لیگ مکمل کرے گی، مرکز سے صوبوں تک اختیارات گئے لیکن صوبوں سے نچلی سطح تک اختیارات نہیں گئے۔
Comments are closed.